سلمان اکرم راجہ 4 گھنٹے پولیس حراست میں رہنے کے بعد رہا

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے مسلسل 4 گھنٹے تک انہیں ساتھیوں سمیت حبس بے جا میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ چار گھنٹے تک انہیں، لطاسب ستی، اخلاق ستی اور ان کے متعدد دوستوں کو حبس بے جا میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے، جس کا مقصد صرف اعجاز ستی مرحوم کے جنازے میں شرکت سے روکنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا خوف فیصلہ سازوں سے عقل و فہم چھین چکا ہے، انسانی حقوق بے معنی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے نیک تمناؤں کے لیے دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں وکیل شوکت بسرا نے اطلاع دی ہے کہ سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے گزشتہ دو گھنٹوں سے تھانے میں حراست میں رکھا ہوا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم راجہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران تقریباً 700 کارکن گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ان اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ اب فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔