اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی بندش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کی تردید کردی ہے اور بتایا ہے کہ نئے نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز اس وقت وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 10 روپے مالیت کے بینک نوٹ کی مبینہ بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے اور یہ تجویز اس وقت وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ابھی غور کیا جارہا ہے اور کسی بھی مالیت کے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے یا بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے اگر کوئی حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے تو عوام کو سرکاری ذرائع سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی بینک نوٹ کو بند کیا جاتا ہے تو اسے تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت بھی دیا جائے گا۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس حوالے سے صرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اطلاعات پر ہی اعتماد کریں۔






