پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنی فارم بہتر بنانے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں او جی ڈی سی ایل کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر کھیلیں گے۔ ذرائع کے مطابق بابر نے پی سی بی سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی درخواست کی تھی تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اپنی فارم اور ردھم برقرار رکھ سکیں، جس کے بعد بورڈ نے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ انتظام کیا۔
بابر اعظم دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری نہیں بنا سکے۔ 2023 سے اب تک 39 اننگز میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی ہے، جبکہ اس دوران وہ آٹھ نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔ ان کی آخری ٹیسٹ سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں 161 رنز کی اننگز تھی۔
سابق کرکٹرز کی جانب سے بابر کی تکنیک، خصوصاً شارٹ بال کے خلاف ان کی مشکلات پر بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔
بابر اعظم تقریباً سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا، جب ان کی قیادت میں سینٹرل پنجاب نے قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل جیتا تھا۔
او جی ڈی سی ایل کے لیے بابر اعظم کی شمولیت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ایم آئی ٹی ایس کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔






