پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں، ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور شروع

امریکا ایران کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک میں ایک بار پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز غیر ضروری نقل و حرکت محدود کرنے سمیت مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔ اس تجویز کے تحت ہفتے کے باقی چار روز کاروباری اور سرکاری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھنے پر غور کیا جارہا ہے۔

حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ممکنہ معاشی، کاروباری، سرکاری اور عوامی اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، جس کی روشنی میں حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تین روزہ تعطیلات سے متعلق فیصلہ کرنے سے قبل متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے بھی تجاویز طلب کی جائیں گی۔ مجوزہ اقدامات کا مقصد پٹرول کی بچت، غیر ضروری سفر میں کمی اور توانائی کے استعمال کو محدود کرنا ہے۔