پاسداران انقلاب کا ”یا حیدرِ کرار“ کے نام سے جوابی کارروائی کا اعلان

امریکی فوج کی ایرانی آئل ٹینکرز اور بحری جہازوں کے خلاف کارروائیوں کے جواب میں پاسداران انقلاب کی ایرواسپیس فورس نے “یا حیدرِ کرار” کے نام سے جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ طاقتور بیلسٹک میزائلوں سے امریکی جنگی جہازوں ڈی ڈی جی 119 اور ڈی ڈی جی 53 کو نشانہ بنایا گیا، جس سے انہیں شدید نقصان پہنچا۔
بیان میں کہا گیا کہ دشمن کو کسی غلط فہمی سے خبردار کرتے ہیں۔ آبنائے ہرمز میں پاسداران انقلاب کی طاقت نے وائٹ ہاؤس کے حکمرانوں کو بوکھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے۔
پاسداران کے مطابق شکست خوردہ امریکی فوج نے متعدد ایرانی تجارتی اور تیل بردار جہازوں پر حملہ کیا تھا۔ جواب میں بیلسٹک میزائلوں کی بوچھاڑ سے ایف 16، ایف 35 اور ایف 15 طیاروں کے شیلٹرز کے ساتھ حفاظتی، مرمت اور تیاری کے ہینگرز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ آبنائے ہرمز میں دشمن کو فوری اور فیصلہ کن جواب دیا گیا۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا تھا کہ 8 ستمبر کو امریکی افواج نے خام تیل لے جانے والے پانچ ایرانی جہازوں کو تباہ کیا۔ سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ کارروائی پاسداران کی جانب سے 2 روز میں بیلسٹک میزائلوں سے امریکی بحریہ کے ایک جنگی جہاز کو دو بار نشانہ بنانے کے بعد کی گئی۔