تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی تمام صوبوں کو پاکستان کی یکساں اکائیاں سمجھتی ہے اور صوبوں کے عوام میں نفرت یا تفریق پیدا کرنے کی ہر کوشش مسترد کرتی ہے۔
تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے مریم نواز سے الفاظ واپس لینے اور قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت انتہائی اہم معاملہ ہے اور انہیں فوری مناسب طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔
اجلاس میں رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ پی ٹی آئی عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
چند روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ جلد بازی میں صوبوں کا قیام وفاق کی یکجہتی کے خلاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے سنجیدہ معاملہ ہیں اور اس پر متنازع قانون سازی کے بجائے 18ویں ترمیم جیسا مشاورتی عمل ہونا چاہیے۔ بیرسٹر گوہر نے تجویز دی کہ اس معاملے کو نئی پارلیمان پر چھوڑ دیا جائے۔






