وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی شرح کم کر دی ہے۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق مالی سال 2025-26 کے لیے جی پی فنڈ میں جمع رقوم اور سبسکرائبرز کے کریڈٹ بیلنس پر منافع کی شرح 12.05 فیصد سالانہ مقرر کی گئی ہے۔ مالی سال 2024-25 میں یہ شرح 12.46 فیصد تھی۔
نئی شرح تمام سرکاری ملازمین کے جی پی فنڈ اکاؤنٹس پر لاگو ہوگی۔
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزارت ریلوے اور وزارت دفاع کے زیر انتظام مختلف پروویڈنٹ فنڈز کے بیلنس پر منافع کی شرح سے متعلق ہدایات متعلقہ وزارتیں الگ سے جاری کریں گی۔
واضح رہے کہ جنرل پروویڈنٹ فنڈ سرکاری ملازمین کے لیے لازمی بچت کی اسکیم ہے جس میں ہر ماہ تنخواہ سے ایک مخصوص رقم کٹتی ہے اور اس پر حکومت سالانہ منافع دیتی ہے۔






