فیصل آباد (آن لائن) تعلیمی بورڈ فیصل آباد انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان 22 ستمبر کو کرے گا جبکہ نتائج کا باقاعدہ اعلان 23 ستمبر کو کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پوزیشن ہولڈرز کے لیے تقریب تقسیم انعامات تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں 23 ستمبر کو منعقد ہوگی، جس میں سربراہان ادارہ جات، اساتذہ اور والدین شرکت کریں گے۔
تقریب کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کا سیکرٹری بورڈ کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا، جس میں تمام ممبران کو اپنے فرائض محنت، لگن اور جانفشانی سے انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔
چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین تقریب کی صدارت کرتے ہوئے رزلٹ آن لائن کریں گے۔ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ اور کنٹرولر امتحانات رانا عتیق الرحمن بھی موجود ہوں گے۔
اجلاس میں استقبالیہ، پنڈال، انعامی، ریفریشمنٹ، پریس، سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔
میٹنگ میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن نوید حسین قریشی، ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر بابر ڈوگر، جاوید وارثی، چودھری اکرام الحق، محمد سعید، رانا خالد بشیر، رانا محمد طاہر، صادق علی، اکرم رضا، سلیم رضا، شکیل احمد، اختر حسین بدر اور مولوی افتخار سمیت دیگر نے شرکت کی۔
میاں عاصم جمیل، رانا سجاد علی، محمد رضوان اقبال، ذیشان قمر بھٹی، بشریٰ نورین، سدرہ سرفراز اور ساجد حسین نقوی سمیت دیگر اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔





