پٹرولیم لیوی کم ہوگی یا نہیں؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات جمعرات کو دوبارہ ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا۔ حکومتی وفد کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی جبکہ جماعت اسلامی کے وفد نے بھی مذاکرات میں شرکت کی۔

مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی دعوت دی اور پٹرولیم لیوی کے حوالے سے تجاویز طلب کی تھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کبھی نہیں چاہتی کہ عوام پر اضافی بوجھ پڑے، تاہم دنیا بھر کی معیشتیں ایران جنگ سے متاثر ہوئی ہیں اور بعض مواقع پر حکومت مجبور ہوجاتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اپنی تجاویز حکومت کے سامنے پیش کردی ہیں، جن کا متعلقہ اداروں کی رائے کی روشنی میں جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر جماعت اسلامی کی کوئی تجویز ناقابلِ عمل ہوئی تو اس سے بھی جماعت اسلامی کو آگاہ کیا جائے گا۔ متعلقہ اداروں سے رائے لینے کے بعد حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جمعرات کو دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔