وزیراعلیٰ پنجاب کا کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان

لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ان کا مشن ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا نوکریوں سے برخاست ہوچکے ہیں۔ صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران اور اہلکار گرفتار ہوئے، 6 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا جبکہ 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا ایک ناسور بن چکا ہے، کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق کیا جا رہا ہے اور کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا۔ عوام کرپشن کے خاتمے کے لیے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد کروایا ہے۔ مریم نواز نے کبھی تنقید اور منفی پروپیگنڈے کی پرواہ نہیں کی، جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور نہیں بلکہ چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔