وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے شکوہ کیا ہے کہ وزیراعظم انہیں ملاقات کے لیے وقت نہیں دیتے، ان کا کہنا ہے کہ کوشش ہے جلد وزیراعظم سے ملاقات ہو، بصورت دیگر وہ وزارت چھوڑ دیں گے۔
ایک انٹرویو میں قیصر احمد شیخ نے حکومتی نظام، بیوروکریسی اور کرپشن سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری کوشش کر رہے ہیں، تاہم مطلوبہ نتائج نہ دے پانے پر تکلیف میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ سنجیدگی سے سوچا ہے کہ وزارت چھوڑ دوں۔ قیصر احمد شیخ کے مطابق انہوں نے اپنا 60 سالہ تجربہ استعمال کیا، لیکن حکومتی سطح پر مختلف مراحل میں کرپشن کے باعث مسائل کا سامنا ہے اور محنت کے بعد جب معاملات آگے بڑھاتے ہیں تو بیوروکریسی ان پر عملدرآمد نہیں کرتی۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ڈھائی سال کے دوران وزیراعظم نے انہیں ایک منٹ کے لیے بھی ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید وزیر داخلہ محسن نقوی ہونے کی وجہ سے وزیراعظم ان سے زیادہ ملاقات کرتے ہیں۔
قیصر احمد شیخ نے واضح کیا کہ وہ وزیراعظم سے جلد ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں، بصورت دیگر اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومتیں تبدیل ہوتی رہی ہیں، لیکن غریب عوام کی حالت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔





