دشمن کو ذلت آمیز شکست دینے والوں پر قوم کو فخر! محسن نقوی

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر غیر معمولی شجاعت اور بے مثال بہادری کا تاریخ ساز دن اور ایک ناقابلِ فراموش، قابلِ فخر درخشاں باب ہے۔

یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو دشمن نے بلااشتعال جارحیت کی، تاہم عددی برتری کے باوجود پاکستانی افواج نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ذلت آمیز شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا ثبوت دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی نے ہماری عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا اور مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ 6 ستمبر کا جذبہ اور ولولہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ زندہ ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بہادر سپوتوں نے شجاعت اور جرات کی عظیم مثال رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ شہدا اور غازیوں کے ورثے سے ملنے والی طاقت، جذبہ اور عزم ہی ہماری اصل قوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کے خاندانوں سے پوری قوم بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور قوم اپنے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر کرتی ہے۔