الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری میں آگ لگنا صارفین کے لیے سب سے بڑے خدشات میں سے ایک ہے۔ اب شیاومی نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک ایسا اعلان کیا ہے جس نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
کمپنی نے اپنی نئی ڈریگن سیکل ای وی بیٹری غیر معمولی لائف ٹائم گارنٹی کے ساتھ متعارف کرا دی ہے۔ اگر ڈریگن سکیل بیٹری میں مینوفیکچرنگ خرابی کے باعث آگ لگ جائے تو شیاومی متاثرہ مالک کو اسی SkyNomad سیریز کی اسی ٹرم کی نئی SUV فراہم کرے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس میں گاڑی کی عمر، مائلیج یا قیمت میں کمی کو حساب میں نہیں لیا جائے گا۔
حادثے میں بیٹری جل جائے تو کیا ہوگا؟
شیاومی کی گارنٹی صرف مینوفیکچرنگ خرابی تک محدود نہیں ہے۔ اگر کسی تصادم کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگتی ہے تو کمپنی انشورنس سے ملنے والی رقم اور حادثے سے پہلے گاڑی کی مارکیٹ ویلیو کے درمیان فرق بھی ادا کرے گی۔
تاہم یہ سہولت ہر گاڑی کے لیے نہیں ہے۔ گارنٹی صرف پہلے مالک کی ذاتی استعمال والی گاڑیوں پر لاگو ہوگی۔ رائیڈ شیئرنگ، رینٹل گاڑیاں اور استعمال شدہ گاڑیاں اس میں شامل نہیں ہیں۔
گارنٹی کے لیے گاڑی کے مالک کو شیاومی کی کنیکٹڈ سروسز کی فعال سبسکرپشن برقرار رکھنا ہوگی۔ اس کے علاوہ گاڑی کی سروس صرف کمپنی کے مجاز سروس سینٹرز سے کروانا بھی ضروری ہوگا۔






