ڈرون حملہ، سیکیورٹی اہلکار شہید

پشاور (آن لائن) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ڈرون حملے میں سرائے نورنگ سے تعلق رکھنے والا سیکیورٹی اہلکار رضوان اللہ ولد قسم خان شہید ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جنوبی وزیرستان وانا میں ڈیوٹی کے دوران ڈرون حملے میں رضوان اللہ شہید ہوئے۔ اتوار کے روز ان کی نماز جنازہ آبائی علاقے سرائے نورنگ میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کی نواحی تحصیل درابن میں پولیس پر 37 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تین بڑے حملے ناکام بنا دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق 4 ستمبر کو نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے درابن پولیس کی ایک اہم چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، جبکہ 5 ستمبر کو اسی علاقے میں سرچ آپریشن سے واپسی پر سی ٹی ڈی پولیس پر حملہ کیا گیا، جس میں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

اسی روز رات کے اندھیرے میں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے درابن تھانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں بڑے حملے ناکام بنا دیے۔

پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں مسلح دہشتگرد فرار ہوگئے۔