ایل پی جی مافیا بے لگام، ایل پی جی 440 روپے فی کلو

لاہور (آن لائن) شہر کی اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں اور سرکاری نرخ کے باوجود ایل پی جی 400 سے 440 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے۔

اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 258 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم شہر کی پرچون مارکیٹ میں صارفین کو سرکاری نرخ پر ایل پی جی دستیاب نہیں۔ دکاندار من مانے داموں ایل پی جی فروخت کر رہے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں ایل پی جی بلیک میں بھی ملنے لگی ہے۔

دوسری جانب شہری سوئی گیس کے کم پریشر اور قلت کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے شہریوں کو مہنگے داموں ایل پی جی خریدنا پڑ رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ سوئی گیس کے بھاری بھرکم بل بھی ادا کرتے ہیں، لیکن گیس کی قلت اور کم پریشر کے باعث اضافی رقم خرچ کرکے ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں سفید پوش طبقہ پس کر رہ گیا ہے، مگر ان کے مسائل سننے والا کوئی نہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور منافع خوروں و بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔