لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا سنہری اور یادگار دن ہے، اس روز پاک فوج نے جرات و بہادری کی لازوال مثالیں قائم کیں جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخ رقم کی۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم کا جذبہ حب الوطنی بھی دیدنی تھا۔ پاکستانی قوم نے اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ جنگ ستمبر لڑی، جبکہ جنگ ستمبر کے شہداء اور غازی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بھی پاکستانی قوم میں 1965ء والا جذبہ حب الوطنی دیکھنے کو ملا۔ معرکہ حق میں دشمن کو ہونے والی ذلت آمیز شکست وہ آج تک نہیں بھول پایا۔ شاہینوں نے بھارت کے جدید ترین 8 لڑاکا طیارے گرائے، ہمیں بطور قوم ایسے ہی جذبہ حب الوطنی کی ضرورت ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسی جذبے کے ساتھ پاک فوج قوم کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرے گی۔ پاکستانی قوم دشمن کے ناپاک عزائم اور دہشتگردی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔






