سہیل آفریدی کے آمد پر سیکیورٹی ہائی الرٹ، سڑکیں بلاک

کراچی (آن لائن) کراچی میں مزار قائد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے جلسے کے معاملے پر نیو ایم اے جناح روڈ اور کوریڈور تھری ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو صدر دواخانہ سے لکی اسٹار جبکہ جیل چورنگی سے کشمیر روڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔ ایم اے جناح روڈ کی دونوں سڑکیں بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

گرومندر سے نمائش چورنگی جانے والی سڑک جبکہ کیپری سنیما سے نمائش چورنگی جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ ان سڑکوں پر آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کو شاہراہ قائدین پر 6 ستمبر کے جلسے کی تاحال اجازت نہیں مل سکی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے کہا ہے کہ مزار قائد کے اطراف کسی قسم کے جلسے، جلوس یا ریلی کی اجازت نہیں ہے، اجازت نہ ملنے کے باوجود اجتماع کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کسی قسم کے جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجازت نہ ملنے کے باوجود اجتماع کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مزار قائد کے اطراف اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔