بھارت میں 70 سال پرانی تاریخی مسجد شہید، پاکستان کا شدید ردِعمل

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے بھارت میں تاریخی مسجد شہید کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر سہارنپور میں بھارتی انتظامیہ نے 70 سال پرانی مسجد کو شہید کردیا۔ انتظامیہ کی جانب سے اہل علاقہ کو مسجد سیل کرنے کا کہنے کے بعد 5 ستمبر کو پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں مسجد کی مسماری کی کارروائی کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی شہر سہارنپور میں تاریخی مسجد گرانا قابلِ مذمت اقدام ہے۔ بابری مسجد کی 1992 میں مسماری مذہبی عدم برداشت، تعصب اور نفرت کی علامت ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے مسلمانوں کے منظم استحصال کا عالمی برادری فوری نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور مسماری کا سلسلہ بند کیا جائے۔