3 دن کے لیے حملے روکنے کا حکم دے دیا گیا

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں مختصر وقفے پر اتفاق کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کیف کے خلاف تین روز کے لیے حملے روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق صدر پیوٹن نے 6 ستمبر کی نصف شب سے تین دن تک کیف کے خلاف حملے نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ عارضی جنگ بندی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر روس کے دورے پر ہیں۔

کریملن کے مطابق امریکی ایلچیوں نے صدر پیوٹن سے تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات کی، جس میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے، ممکنہ جنگ بندی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

روسی صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران ہونے والے مذاکرات بامعنی اور تعمیری رہے۔ فریقین نے جنگ کے خاتمے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا اور ممکنہ حل کے حوالے سے متعدد تجاویز سامنے آئیں۔

کریملن کے ترجمان کے مطابق امریکی ایلچیوں نے صدر پیوٹن کے مؤقف کو یوکرین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں پیش کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر روسی حکام سے ملاقات کے بعد یوکرین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ روسی مؤقف اور جنگ بندی سے متعلق تجاویز یوکرینی حکام کے سامنے رکھیں گے۔