حکومت اور جماعت اسلامی میں مذاکرات کی تاریخ سامنے آ گئی

جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے الگ الگ کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، تاہم جماعت اسلامی نے مذاکرات کے ساتھ اپنا دھرنا بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس 7 ستمبر کو ہوگا۔ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کے مطابق مذاکراتی ٹیم میں عنایت اللہ خان، فراست علی شاہ، ضیا الدین انصاری، نصر اللہ رندھاوا اور نوید علی بیگ شامل ہوں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مذاکرات کے باوجود ملک بھر میں دھرنوں، احتجاج اور جلسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 20ویں روز میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث مال روڈ پر فیصل چوک سے ریگل چوک تک ٹریفک کی آمدورفت بدستور معطل ہے۔

مال روڈ کی بندش کے باعث شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے متبادل راستوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔