اسپین کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کھلاڑی مارکوس یورینتے نے 31 سال کی عمر میں قومی ٹیم سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
مارکوس یورینتے نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ طویل غور و فکر کے بعد انہوں نے اسپین کی قومی ٹیم کے ساتھ اپنا سفر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی نوجوان ہیں اور اسپین کی جرسی میں کئی سال کھیل سکتے ہیں، تاہم قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ذاتی ہے اور انہوں نے اس پر مکمل غور کے بعد عمل کیا ہے۔
مارکوس نے واضح کیا کہ ان کا فیصلہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں انتخاب یا اسپین کے عالمی چیمپئن بننے سے پہلے ہی طے ہوچکا تھا۔
انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام 27 میچز کے بعد کیا۔ ورلڈ کپ میں وہ گروپ مرحلے کے دو میچز میں ابتدائی گیارہ کھلاڑیوں کا حصہ رہے، جبکہ فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں بھی مختصر وقت کے لیے میدان میں اترے۔
قومی ٹیم کے ساتھ اپنے سفر کو یادگار قرار دیتے ہوئے مارکوس نے کہا کہ اسپین کے لیے کھیلنے کے دوران گزارے گئے تمام لمحات ہمیشہ ان کے لیے خاص رہیں گے۔ انہوں نے گزشتہ 52 دنوں کو بھی اپنے کیریئر کے انتہائی یادگار دنوں میں شمار کیا۔
مارکوس یورینتے نے اپنے کلب کیریئر کا آغاز ریال میڈرڈ سے کیا، جس کے بعد 2019 میں شہر کے دوسرے بڑے کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کا حصہ بنے۔ کلب فٹبال میں ان کے نمایاں اعزازات میں دو چیمپئنز لیگ ٹائٹلز اور ایک لا لیگا ٹائٹل شامل ہیں۔






