ایلون مسک نے تصدیق کی ہے کہ اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک اب باضابطہ طور پر متحدہ عرب امارات میں فعال ہوگئی ہے۔
ریگولیٹری منظوری حاصل کرنے اور پری آرڈرز شروع کیے جانے کے بعد اسٹار لنک نے متحدہ عرب امارات میں اپنی سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ اسٹار لنک اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سروس کے آغاز کی تصدیق کی۔
اس پیش رفت کے بعد متحدہ عرب امارات ان 150 سے زائد ممالک اور خطوں میں شامل ہوگیا ہے جہاں اسٹار لنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس دستیاب ہے۔
متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے 28 اگست کو اسٹار لنک کو 10 سال کے لیے جنرل اسپیس سروسز کا لائسنس جاری کیا تھا، جس کے بعد ملک میں سروس کے آغاز کی راہ ہموار ہوئی۔
اسٹار لنک کی سروس اب متحدہ عرب امارات میں رہائشی صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری اداروں، شپنگ اور ایوی ایشن کے شعبوں کے لیے بھی دستیاب ہے۔ صارفین کو سروس استعمال کرنے کے لیے اسٹار لنک کٹ درکار ہوگی، جس میں اینٹینا، کیبل اور روٹر شامل ہوتے ہیں۔
تاہم دبئی اور ابوظہبی میں اس وقت سروس کی گنجائش محدود ہونے کے باعث بعض صارفین کو فوری کنکشن کے بجائے ویٹنگ لسٹ میں شامل ہونا پڑ سکتا ہے۔ نئے صارفین کے لیے سروس حاصل کرنے سے قبل اپنے پتے کی دستیابی چیک کرنا ضروری ہوگا۔
متحدہ عرب امارات میں اسٹار لنک کی رہائشی سروس 300 درہم ماہانہ سے شروع ہوتی ہے، جبکہ رہائشی لائٹ پیکیج کی ماہانہ قیمت 230 درہم مقرر کی گئی ہے۔ رومنگ یا پورٹیبل سروس 100 جی بی ڈیٹا کے لیے 190 درہم ماہانہ اور لامحدود ڈیٹا کے لیے 370 درہم ماہانہ سے شروع ہوتی ہے۔
اسٹار لنک کی معیاری ہارڈویئر کٹ کی قیمت متحدہ عرب امارات میں 1,465 درہم مقرر کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں اسٹار لنک کی قیمتیں دنیا کے بعض دیگر ممالک کے مقابلے میں مسابقتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم مختلف خطوں میں ہارڈویئر اور ماہانہ سبسکرپشن کی قیمتیں مقامی مارکیٹ اور دستیاب پیکیجز کے مطابق مختلف ہوتی ہیں۔






