انڈوں سے خطرناک وائرس پھیلنے لگا

ماہرین صحت نے انڈوں سے سالمونیلا انفیکشن کے خطرات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ سالمونیلا کے کیسز میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یورپ کے مختلف ممالک میں اس وبا کے پھیلاؤ میں تیزی آئی۔ اس دوران برطانیہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ 250 سے زائد افراد متاثر ہوئے، جن میں بعض کو سنگین نوعیت کی صحت کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے سالمونیلا کے حالیہ کیسز اور درآمد شدہ انڈوں کے درمیان ممکنہ تعلق کی نشاندہی کی ہے، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

ماہرین اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا چکن اور اس سے تیار ہونے والی مصنوعات بھی سالمونیلا کے پھیلاؤ کا سبب بن رہی ہیں یا نہیں۔

یورپ میں سالمونیلا کے حالیہ پھیلاؤ سے برطانیہ کے علاوہ نیدرلینڈز، بیلجیئم، فرانس، جرمنی، آسٹریا اور ڈنمارک بھی متاثر ہوئے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق سالمونیلا انفیکشن کی صورت میں پیٹ میں درد، اسہال، شدید پانی کی کمی اور دیگر پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ سنگین کیسز میں خون میں انفیکشن، اعضا کی خرابی اور موت تک کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔