بڑی کامیابی، گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بوبی آئل فیلڈ میں نئے ترقیاتی کنویں بوبی-11 سے تیل اور گیس کی پیداوار کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی آئل فیلڈ سے تقریباً ایک ہزار بیرل یومیہ تیل کی پیداوار حاصل ہوئی ہے، جبکہ بوبی-11 کنویں سے ایک ملین مکعب فٹ یومیہ قدرتی گیس کی پیداوار متوقع ہے۔

بوبی آئل فیلڈ او جی ڈی سی ایل کی 100 فیصد ملکیت ہے۔ کمپنی کے مطابق بوبی-11 کنویں کی کامیابی سے علاقے میں تیل اور گیس کے مزید ذخائر کے امکانات پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی ڈیپ-1 کنویں سے حاصل ہونے والی زیرِ زمین معلومات نے بوبی-11 کی کامیاب ڈرلنگ میں اہم کردار ادا کیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ بوبی-11 کی کامیابی سے بوبی آئل فیلڈ کی مزید ترقی اور نئے مواقع کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے موجودہ اثاثوں سے اضافی پیداوار حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق نئی کامیابی سے ملک میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار بڑھانے کی حکمتِ عملی کو مزید تقویت ملے گی۔