دو آئل ٹینکر ٹکرا کر دھماکے سے پھٹ گئے، دعویٰ

تہران (آن لائن) ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ چند گھنٹے قبل دو تیل بردار بحری جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرا کر دھماکے سے پھٹ گئے اور آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

پاسداران انقلاب کے مطابق مذکورہ جہازوں کے عملے کو امریکی فوج کے کہنے پر اتار دیا گیا تھا اور جہاز غیر قانونی راستے سے گزرنے کے لیے امریکی عناصر کے اختیار میں دے دیے گئے تھے۔

بی بی سی کے مطابق پاسداران انقلاب نے جاری بیان میں کہا کہ اس سے قبل پاسداران انقلاب کی بحریہ نے بارودی سرنگوں سے آلودہ گزرگاہ عبور کرنے کے خطرات سے خبردار کیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ بحری کمپنیاں جو قانونی راستہ اختیار کرنے کے بجائے امریکہ کے دھوکے میں آتی ہیں اور اپنے جہاز دشمن کے اختیار میں دے دیتی ہیں، ان کے لیے اضافی سزائیں بھی تجویز کی گئی ہیں، جن پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔