لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد قومی ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ لندن میں موجود ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی طبیعت بھی ناساز ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم میچ میں 8 اور 6 رنز ہی بنا سکے۔ شکست کے بعد ہیڈ کوچ سمیت سات کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے فیصلے کے باعث ٹیم پر ذہنی دباؤ کی صورتحال پیدا ہوئی، اسی دوران کپتان بابر اعظم کو بخار ہوگیا۔
ٹیم کے میڈیا منیجر نوید اکرم چیمہ نے بابر اعظم کی طبیعت ناساز ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کپتان نے خود انہیں بخار سے آگاہ کیا ہے، تاہم تشویش کی کوئی بات نہیں۔
ان کے مطابق بابر اعظم کی حالت مستحکم ہے اور امید ہے کہ وہ جلد مکمل صحتیاب ہوجائیں گے۔






