انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ اور ٹی20 پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔
ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے اور انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے بابر اعظم 5 درجے تنزلی کے بعد 15ویں نمبر پر چلے گئے، جبکہ سعود شکیل نے 15 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 18ویں پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔ محمد رضوان 7 درجے تنزلی کے بعد 33ویں، شان مسعود 3 درجے تنزلی کے بعد 41ویں اور سلمان آغا 3 درجے کمی کے بعد 43ویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے محمد عباس نے 10 درجے بہتری کے بعد 16ویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ نعمان علی ایک درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے اولی رابنسن نے 6 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین پانچویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ جوش ٹنگ 4 درجے بہتری کے بعد 14ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انگلینڈ کے گس اٹکنسن 10 درجے تنزلی کے بعد 24ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی20 باؤلنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور پاکستان کے ابرار احمد دوسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی20 ٹیم رینکنگ میں بھارت پہلی، انگلینڈ دوسری، آسٹریلیا تیسری اور نیوزی لینڈ چوتھی پوزیشن پر ہیں، جبکہ پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
مچل اسٹارک نے بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے بعد وہ ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے۔ اس سے قبل بھارت کے جسپریت بمراہ پہلے نمبر پر تھے۔






