قومی ہاکی چیمپئن شپ کی انعامی رقم میں 10 گنا اضافہ , اب مجموعی انعامی رقم کیا ؟ جانئے

قومی ہاکی چیمپئن شپ کی انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 گنا بڑھا دیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مجموعی طور پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں کو مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔

اس سے قبل قومی سطح کے ان مقابلوں میں کھلاڑیوں کو بنیادی طور پر ڈیلی الاؤنس اور رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی تھی، تاہم رواں سال ان کے لیے مالی انعامات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں قومی کھیل کے فروغ، نچلی سطح پر نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور قومی ٹیم کے لیے مضبوط کھلاڑیوں کا پول تیار کرنے کے مقصد سے قومی ہاکی چیمپئن شپ اور صوبائی کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف نے صوبائی اسپورٹس سیکریٹریز، علاقائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس 31 دسمبر تک مکمل کریں۔

کوالیفائنگ مرحلہ مکمل کرنے والی ٹیمیں جنوری میں شروع ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی۔ انڈر 15 اسکول چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے چار جبکہ علاقائی حکومتوں سے دو ٹیمیں شامل ہوں گی۔

انڈر 18 چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے دو اور علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم حصہ لے گی۔ خواتین کی قومی چیمپئن شپ میں بھی ہر صوبے سے دو اور علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم کو شرکت کا موقع دیا جائے گا، جبکہ قومی مردوں کی چیمپئن شپ میں منتخب صوبائی اور محکمہ جاتی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

پی ایچ ایف کے مطابق ان مقابلوں کا مقصد تعلیمی اداروں اور صوبائی سطح پر نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور انہیں قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان ٹورنامنٹس کے ذریعے مستقبل کے بہترین کھلاڑیوں کی شناخت کرکے قومی ہاکی ٹیم کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کیا جائے گا۔