سرکاری سکولوں میں اب موسمی سبزیاں بھی اگائی جائیں گی

لاہور (آن لائن) سرکاری سکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ اب موسمی سبزیاں بھی اگائی جائیں گی، محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی اداروں میں سبزیوں کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سکولوں میں موسمی سبزیوں کی کاشت کی جائے اور ان کی کاشت و دیکھ بھال کے لیے سکول کے ایک ذمہ دار شخص کو مقرر کیا جائے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق جن سکولوں میں تسلی بخش پیداوار حاصل نہیں ہوئی، وہاں دوبارہ سبزیاں کاشت کی جائیں۔ کاشت کی گئی سبزیوں کو بروقت پانی دینے اور ان کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سبزیوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کی تصاویر روزانہ شیئر کی جائیں گی۔

محکمہ تعلیم نے تمام سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو ہدایت کی ہے کہ مراسلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔