شدید بارشوں کا ہائی الرٹ جاری، فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

سوات (آن لائن) اپر سوات میں شدید بارشوں کا ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، محکمہ موسمیات نے 2 سے 5 ستمبر تک شدید گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 4 ستمبر تک گلوف، اچانک سیلابی ریلوں اور ملبے کے بہاؤ کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے سوات اور معاون نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے کا امکان ہے۔

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اہم شاہراہوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہنے، خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر اور دریا کنارے کیمپنگ سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

ریسکیو ٹیموں، مشینری اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔