واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس کو ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے ذریعے مزید محفوظ بنانے کے لیے موجودہ نظام میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔
اس وقت ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے لیے 6 ہندسوں پر مشتمل پن استعمال کیا جاتا ہے، تاہم واٹس ایپ اب اسے پاس ورڈ سے تبدیل کرنے کی سہولت متعارف کرا رہا ہے۔ نئے نظام کے تحت صارفین حروف اور نمبرز پر مشتمل پاس ورڈ استعمال کر سکیں گے، جس سے اکاؤنٹ کو مزید مضبوط تحفظ فراہم کیا جا سکے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو ہیکنگ اور غیر مجاز رسائی سے مزید محفوظ بنانا ہے۔ جو صارفین پہلے ہی ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فعال کیے ہوئے ہیں، وہ فیچر دستیاب ہونے کے بعد اپنے موجودہ پن کو پاس ورڈ سے اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔
یہ تبدیلی مرحلہ وار متعارف کرائی جا رہی ہے، اس لیے ممکن ہے کہ یہ آپشن فی الحال تمام صارفین کو دستیاب نہ ہو۔ تاہم آنے والے چند ہفتوں میں مزید صارفین اس سہولت کو استعمال کر سکیں گے۔
نیا پاس ورڈ فیچر واٹس ایپ کے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن سسٹم کا ہی حصہ ہوگا۔ فیچر دستیاب ہونے کے بعد صارفین واٹس ایپ کھول کر سیٹنگز میں جائیں گے، جہاں اکاؤنٹس کے اندر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔
اس کے بعد نیا پاس ورڈ بنانے کا آپشن نظر آئے گا، جس کے ذریعے صارف اپنا پاس ورڈ ترتیب دے سکے گا۔ صارفین ریکوری ای میل بھی شامل کر سکیں گے تاکہ ضرورت پڑنے پر اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کی جا سکے۔
نئے پاس ورڈ میں کم از کم 8 حروف ہونا ضروری ہوگا، جبکہ اس میں کم از کم ایک حرف یا نمبر شامل کرنا لازمی ہوگا۔ صارف مزید مضبوط سکیورٹی کے لیے اسپیشل کریکٹرز بھی استعمال کر سکیں گے، تاہم ان کا استعمال لازمی نہیں ہوگا۔
Ansa Awais






