انا للہ وانا الیہ راجعون ، دہشت گردوں کا حملہ: 7 اہلکار شہید، 7 زخمی

بلوچستان کے ضلع پشین میں زیارت کراس کے مقام پر قائم کسٹمز ویئر ہاؤس اور چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے اچانک حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کسٹمز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے 7 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے فائرنگ کے بعد ویئر ہاؤس کے احاطے میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور ریسکیو کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد حملہ آوروں نے ویئر ہاؤس میں موجود گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا۔ تاہم پولیس اور فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی کے باعث گاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔

شہید اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔