دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی دوران سلیکشن کمیٹی سے پہلا بڑا استعفیٰ بھی سامنے آ گیا۔
لیڈز میں اننگز کی شکست کے بعد لارڈز میں بھی انگلینڈ کے ہاتھوں 194 رنز کی شکست نے پاکستان کرکٹ میں ہلچل مچا دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں موجود اسکواڈ کے بعض کھلاڑیوں کو واپس بلانے کے ساتھ ہی ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
ان تبدیلیوں کے دوران سابق قومی کپتان اور سلیکشن کمیٹی کے رکن مصباح الحق نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے سلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ بذریعہ ای میل پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھجوایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کے معاملے پر مناسب مشاورت نہ کیے جانے پر استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔






