پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر ان کی بہن آصفہ بھٹو زرداری کا دلچسپ ردعمل سامنے آیا ہے۔
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو زرداری کی آسٹریا کی مبینہ شہزادی گلوریا سے منگنی یا شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم بلاول بھٹو نے ان افواہوں کی واضح طور پر تردید کردی۔
آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ان افواہوں پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’’میرے بھائی کی شادی ہو رہی ہے اور میں یہاں کراچی میں بیٹھی ہوں، واہ!‘‘
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ایک ویڈیو بیان میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا نے نہ صرف ان کی بات پکی کردی بلکہ ان کی منگنی اور شادی بھی کروا دی۔
بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور وہ کسی شہزادی گلوریا کو جانتے تک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اس طرح کی افواہیں حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔
اس سے قبل کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے بھی بلاول بھٹو کی مبینہ منگنی اور شادی سے متعلق خبروں کی تردید کی تھی۔
سوشل میڈیا پر بعض پوسٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ صدر آصف علی زرداری خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ آسٹریا گئے ہیں تاکہ شادی کے انتظامات اور تاریخ کے حوالے سے بات چیت کی جا سکے، تاہم ان دعوؤں کی بھی کوئی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔






