واٹس ایپ کے نئے پاس ورڈ فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ جانیں

واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔

فی الحال ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے لیے 6 ہندسوں پر مشتمل پن استعمال کیا جاتا ہے، تاہم واٹس ایپ اب اسے پاس ورڈ سے تبدیل کرنے کی سہولت متعارف کرا رہا ہے۔ نئے نظام میں صارفین ایسا پاس ورڈ بنا سکیں گے جس میں حروف اور نمبرز شامل ہوں گے، جبکہ اضافی سکیورٹی کے لیے اسپیشل کریکٹرز بھی استعمال کیے جا سکیں گے۔

واٹس ایپ کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی اور ہیکنگ سے مزید مضبوط تحفظ فراہم کرنا ہے۔ جو صارفین پہلے ہی ٹو اسٹیپ ویریفکیشن استعمال کر رہے ہیں، وہ فیچر دستیاب ہونے کے بعد اپنے موجودہ پن کو پاس ورڈ سے اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔

یہ سہولت مرحلہ وار متعارف کرائی جا رہی ہے، اس لیے ممکن ہے کہ فی الحال تمام صارفین کو یہ آپشن نظر نہ آئے۔ تاہم آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین اس فیچر سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

فیچر دستیاب ہونے کے بعد اسے فعال کرنے کے لیے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اکاؤنٹس اور پھر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔ وہاں نیا پاس ورڈ بنانے کا آپشن موجود ہوگا، جس کے ذریعے صارف اپنا نیا پاس ورڈ ترتیب دے سکے گا۔ اس کے ساتھ ریکوری ای میل بھی شامل کی جا سکے گی تاکہ ضرورت پڑنے پر اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کی جا سکے۔

نئے پاس ورڈ میں کم از کم 8 حروف ہونا ضروری ہوگا، جبکہ اس میں کم از کم ایک حرف یا نمبر شامل کرنا لازم ہوگا۔ اسپیشل کریکٹرز کا استعمال بھی کیا جا سکے گا، تاہم یہ لازمی نہیں ہوگا۔

Ansa Awais