صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے لیے اہم ہدایات جاری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

جاری مراسلے کے مطابق اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں ٹیچنگ اسپتالوں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتالوں، تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتالوں، مریم نواز اسپتالوں اور مریم نواز ہیلتھ کلینکس کا فائر سیفٹی آڈٹ کریں گے۔

معائنے کے دوران فائر ایکسٹنگوشرز اور آگ بجھانے کے دیگر آلات کی دستیابی و کارکردگی، ہنگامی اخراج کے راستوں اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

تمام اضلاع سے حاصل ہونے والی معلومات پر مشتمل جامع رپورٹ 27 اگست تک وزیراعلیٰ کو پیش کی جائے گی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کریں گے تاکہ ابتدائی اقدامات ایک ہفتے میں مکمل کیے جاسکیں۔

مریم نواز نے اسپتال انتظامیہ کو فریش فائر سیفٹی آڈٹ فوری مکمل کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ مریضوں، خصوصاً نومولود بچوں اور دیگر حساس مریضوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔