پی ٹی آئی کی موجودگی میں اپوزیشن اتحاد نہیں بن سکتا، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودگی میں کوئی اپوزیشن اتحاد نہیں بن سکتا، کیونکہ ان کے بقول پی ٹی آئی کے سیاسی رویے میں دیگر جماعتوں کے ساتھ تعاون کی گنجائش نہیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اسے بعض معاملات پر تحفظات ہیں جن کا سیاسی حل نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے لیے پارٹی کے جنرل سیکریٹری طارق فاروق کو نامزد کیا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی مظاہرین سے متعلق اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے، امید ہے متعلقہ فریق باہمی طور پر مسائل کا بہتر حل نکالیں گے۔

انہوں نے ایک بار پھر اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے کوئی الائنس نہیں بن سکتا، کیونکہ پی ٹی آئی کے سیاسی مزاج میں دوسری جماعتوں کے ساتھ تعاون شامل نہیں۔

آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وہاں پیدا ہونے والے معاملات کو سیاسی طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے اور قانون ساز اسمبلی کو اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فیصلے کرنے چاہئیں۔

عدالتی درخواست کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو توہینِ عدالت سے متعلق درخواست میں فریق بنانا ہے یا نہیں، یہ درخواست گزار کا اپنا فیصلہ ہے۔