جعفر ایکسپریس 25 اور 26 اگست کو بھی معطل، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

کوئٹہ: کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس 25 اور 26 اگست کو بھی نہیں چلائی جائے گی۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سروس کی معطلی سے متاثرہ مسافروں کو ٹکٹوں کی رقم واپس کردی گئی ہے۔

دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد میں ہی منسوخ کردیا گیا، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مسافروں نے ٹرین سروس کی بار بار معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز ٹرینیں منسوخ ہونے سے سفری منصوبے متاثر ہونے کے ساتھ انہیں مالی اور ذہنی مشکلات بھی برداشت کرنا پڑتی ہیں۔

مسافروں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹرین سروس کی بلا تعطل بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ جعفر ایکسپریس کو بار بار جیکب آباد میں منسوخ نہ کرنا پڑے اور مسافروں کو اضافی اخراجات اور پریشانی سے بچایا جاسکے۔