معروف اداکار منشیات سمگلنگ الزام میں ساتھی سمیت گرفتار

بھارتی ریاست مہاراشٹر کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اداکار روح اللہ مہدی اور ان کے ایک ساتھی کو 28 گرام مبینہ منشیات کے ساتھ گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے اور ممبئی کے علاقے گورگاؤں میں مقیم اداکار روح اللہ مہدی دہیسر چیک ناکا پر منشیات کی مبینہ اسمگلنگ کے لیے آنے والے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو موقع سے گرفتار کر لیا۔

پولیس نے گرفتار اداکار کو عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں 5 روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ حکام کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ مبینہ ڈرگ نیٹ ورک کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں اور یہ معلوم کیا جا سکے کہ منشیات کہاں سے حاصل کی گئیں اور انہیں کہاں سپلائی کیا جانا تھا۔

روح اللہ مہدی نے شاہد کپور کی ایکشن ڈراما فلم ’دیوا‘ سمیت کئی معروف ویب سیریز میں بھی اداکاری کی ہے۔