پنشنرز کیلئے بڑی سہولت ، اہم اعلان کر دیا گیا

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنشنرز کو واضح کیا ہے کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے اجرا اور تصدیق کے عمل میں بینکوں کا کوئی کردار نہیں۔

نادرا کے مطابق پنشنرز اور پنشن فراہم کرنے والے متعلقہ ادارے کے درمیان یہ تمام معاملات براہِ راست انجام پاتے ہیں۔ پنشنرز موبائل ایپ کے ذریعے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی درخواست متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کو براہِ راست بھیج سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا اجرا اور اس سے متعلق کارروائی پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے منسلک ہے، بینک سے نہیں۔ سرٹیفکیٹ بھی براہِ راست متعلقہ ادارے کو جمع کرایا جائے گا۔

نادرا نے پنشنرز کو ہدایت کی ہے کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ مکمل یا اپ ڈیٹ کروانے کے لیے بینک سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں۔

اگر پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا ڈیٹا ظاہر نہ ہو تو پنشنرز کو اپنے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کرکے ریکارڈ میں اندراج سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نادرا کے مطابق شہری شناخت سے متعلق معلومات اور مختلف خدمات کے لیے اس کی سرکاری ویب سائٹ سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ مزید معاونت کے لیے ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔