ریسرچ اور ٹیکنالوجی ہی قومی ترقی کی ضامن ہے، احسن اقبال

لاہور(آئی این پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ جدید ریسرچ اور ٹیکنالوجی ہی قومی ترقی کی ضامن ہے، حکومت صحت کے شعبے میں جدت اور ریسرچ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان صحت کے شعبے میں خود کفیل بن سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج میں ریسرچ اینڈ ایجوکیشن 2026 کانفرنس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے طبی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک مثالی ہیلتھ پروفیشنل بننے کیلئے پیشہ ورانہ لگن، محنت اور جدید ریسرچ سے خود کو ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ حکومت صحت کے شعبے میں جدت اور ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان صحت کے شعبے میں خود کفیل بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ریسرچ اور ٹیکنالوجی ہی قومی ترقی کی ضامن ہے، ڈاکٹرز کو بین الاقوامی ریسرچ اور ٹیکنالوجی سے جوڑ کر ہی ہم عالمی سطح پر اپنا مقام بہتر بنا سکتے ہیں کیونکہ طب کا مستقبل ریسرچ اور جدید تدریسی طریقوں سے وابستہ ہے۔

اس موقع پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن میں جدت لائے بغیر بین الاقوامی معیار کے معالجین تیار نہیں کیے جا سکتے۔ امیر الدین میڈیکل کالج، پی جی ایم آئی ہمیشہ سے طبی تعلیم میں نئے تجربات کا علمبردار رہا ہے اور طلبہ کو کلاس روم سے نکال کر کلینیکل اور ریسرچ بیسڈ لرننگ کی طرف لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

شرکا نے کہا کہ پاکستان کو درپیش صحت کے مسائل جیسے ہیپاٹائٹس، ذیابیطس، دل کے امراض اور زچہ و بچہ کی صحت کیلئے مقامی ڈیٹا پر مبنی تحقیق ناگزیر ہے۔ میڈیکل کالجز میں اسٹوڈنٹ ریسرچ سوسائٹیز، ریسرچ یونٹس اور ایتھکس کمیٹیز کو فعال کرنے کی تجویز دی گئی۔

مقررین نے حکومت اور نجی شعبے سے اپیل کی کہ نوجوان محققین کو گرانٹس، فنڈنگ اور سالانہ ریسرچ جرنلز کی اشاعت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

تقریب کے اختتام پر شاندار خدمات اور مقالات پیش کرنے پر مہمانوں اور شرکا میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ کانفرنس میں فیکلٹی ممبران، سینئر پروفیسرز اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔