یہ وقت کس کی رعونت پہ خاک ڈال گیا، خواجہ آصف کی عمران خان پر طنزیہ ویڈیو وائرل

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

خواجہ آصف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شعر لکھا، ’’یہ وقت کس کی رعونت پہ خاک ڈال گیا، یہ کون بول رہا تھا خدا کے لہجے میں۔‘‘

خواجہ آصف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں عمران خان اپنے سیاسی مخالف نواز شریف کا ذکر کر رہے ہیں۔

شیئر کی گئی پرانی ویڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف جیل میں کھانا گھر سے منگوانا چاہتے ہیں اور اے سی بھی لگوانا چاہتے ہیں، اگر جیل میں سب سہولیات چاہئیں تو پھر یہ سزا تو نہ ہوئی۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر جیل میں تمام تر سہولیات ملنے لگ جائیں تو آدھی قوم تو جیل ہی چلی جائے گی، واشنگٹن سے پاکستان واپس جا کر جیل سے یہ سہولیات ختم کرتا ہوں۔

ویڈیو کے ساتھ خواجہ آصف کی جانب سے لکھے گئے جملے کو سوشل میڈیا صارفین عمران خان سے متعلق ان کا طنزیہ تبصرہ قرار دے رہے ہیں۔