لاہور(آئی این پی) پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت 2027 کے ایس او پیز کی تیاری پر کام شروع کردیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق جگہ جگہ ڈور کی تیاری پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈور کی تیاری کے لیے حکومت کے ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ بسنت کے لیے ڈور صرف حکومت کے تعین کردہ مقام پر تیار کی جا سکے گی۔
پنجاب حکومت نے جلو میں ڈور کی تیاری کے لیے جگہ مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جبکہ اکتوبر میں رجسٹرڈ مینوفیکچررز کو ڈور بنانے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرڈ مینوفیکچررز کو مقررہ شرائط کے تحت ڈور بنانے کی اجازت دی جائے گی۔ ڈور کی تیاری اور فروخت کے عمل کو رجسٹریشن کے ذریعے ریگولیٹ کیا جائے گا جبکہ غیر رجسٹرڈ مینوفیکچررز کو ڈور بنانے یا فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈور کے معیار اور تیاری کے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ پتنگ بازی کے لیے محفوظ اور معیاری ڈور کی تیاری یقینی بنائی جائے گی۔






