اسکول وینز پر مکمل پابندی عائد

کراچی(آئی این پی) اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو اسکول ٹرانسپورٹ کے طور پر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے اپنے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کو طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروس کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں میں سی این جی اور ایل پی جی کے استعمال پر مکمل پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی۔

بورڈ کے سیکریٹری ڈاکٹر نوید احمد کی جانب سے 6 اگست 2026 کو جاری نوٹیفکیشن میں الحاق شدہ اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو پابندی پر عملدرآمد کا پابند بنائیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو اسکول ٹرانسپورٹ کے طور پر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ ایسی گاڑیوں کے خلاف جرمانے اور ضبطی کی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔

بورڈ نے تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں غیر قانونی طور پر CNG اور LPG کے استعمال کو فوری طور پر روکیں، جبکہ یہ پابندی تعطیلات کے دوران بھی برقرار رہے گی۔

بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے اسکول انتظامیہ کو طلبہ کی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے باقاعدگی سے معائنے اور نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ متعلقہ قوانین اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔

اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کو والدین، طلبہ اور ٹرانسپورٹرز میں CNG اور LPG کے استعمال کے خطرات سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

بورڈ کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ کی محفوظ سفری سہولت کو یقینی بنانا اور اسکول ٹرانسپورٹ میں خطرناک ایندھن کے استعمال کی روک تھام ہے۔