کراچی (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر انسانی خدمت گاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت، حفاظت اور مشکل گھڑی میں متاثرین کا ساتھ دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی دھرتی ہمیشہ محبت، رواداری، بھائی چارے اور انسان دوستی کی روایت کی امین رہی ہے۔ سندھی قوم نے ہمیشہ مصیبت میں گھرے انسانوں کا ساتھ دیا ہے، یہی سندھ کی عظیم صوفیانہ اور انسانی اقدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھیوں کی پہچان محبت، مہمان نوازی، رواداری اور انسانیت سے جڑی ہوئی ہے۔ عالمی یومِ انسانیت ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور ہر انسان عزت و تحفظ کا حقدار ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جنگوں اور بحرانوں میں عام شہریوں، طبی عملے اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ امدادی کارکن انسانیت کے سفیر ہیں، ان پر حملے عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت انسانی ہمدردی، فلاح و بہبود اور ضرورت مندوں کی مدد کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔ سندھ کی صوفیانہ روایت ہمیں محبت، امن، برداشت اور انسانیت کا درس دیتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عالمی یومِ انسانیت پر ان تمام امدادی کارکنوں کو سلام پیش کیا جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور سندھی عوام امن، محبت اور انسانیت کے پیغام کو دنیا بھر میں فروغ دینے کے لیے ہمیشہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔ آئیے عہد کریں کہ ایک دوسرے کی حفاظت، عزت اور مدد کو انسانیت کی سب سے بڑی ترجیح بنائیں گے۔






