سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے نواز شریف اور مریم نواز کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج تاریخ میں ’فارم 47 پلس‘ کے نام سے یاد رکھے جائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر تاریخی دھاندلی کے ذریعے خیراتی مینڈیٹ حاصل کیا، عوام نے 2024 کی طرح 2026 میں بھی مسلم لیگ ن کو مسترد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے غیر قانونی حکومت تو بنائی جا سکتی ہے، عوام میں مقبولیت اور حقیقی عوامی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔
آزاد کشمیر کے عوام نے دنگا فساد، قتل و غارت، خون خرابہ، احتجاج اور ہڑتالوں کو ووٹ کی طاقت سے شکست دی: مریم نواز
سینئر وزیر برائے سندھ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو پیپلز پارٹی سے شکوہ کرنے سے پہلے دیکھنا چاہیے کہ آزاد کشمیر میں موجودہ حالات کس طرح پیدا ہوئے۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کا موازنہ کرنا درست نہیں، پیپلز پارٹی نے جہاں عوام کا مینڈیٹ تسلیم کیا، وہاں انتخابی عمل پر تحفظات پر اپنے مؤقف کا اظہار بھی کیا، جمہوریت کے نام پر دھاندلی یا عوامی مینڈیٹ پر اثرانداز ہونے کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی انتخابی عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھیں تو انہیں شفاف اور غیر جانب دار طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔






