پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کا آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے نتائج سے متعلق لیگی قیادت کے بیانات پر ردعمل سامنے آگیا۔
ویڈیو بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں امن و عامہ کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ ایک دن مکمل الیکشن نہیں ہو سکا۔ ایک جماعت کے بائیکاٹ کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ یہ انتخابات بالکل ویسے ہوئے جیسے پنجاب میں ہوئے تھے۔
سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں سے پوچھیں تو وہ بھی سوالات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شفاف اور منصفانہ انتخابات ہوں تو پیپلز پارٹی نتائج ضرور تسلیم کرے گی، پہلے بھی کرتی رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی تسلیم کرتی ہے کہ ہماری میڈیا پالیسی ن لیگ جیسی مؤثر نہیں، یہ ہماری غلطی ہے۔ ہم جو بناتے ہیں اسے بیچ نہیں پاتے، ن لیگ جو بناتی ہے، اسے ڈبل قیمت پر بیچتی ہے۔ پنجاب میں ن لیگ کا کوئی ایسا منصوبہ بتائیں جو سندھ کے منصوبوں کا مقابلہ کرے۔






