کراچی سے حیدرآباد موٹروے کا تحفہ اسی سال ملے گا،عبدالعلیم خان

کراچی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سکھر سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی موٹروے پر اس سال کام شروع کررہے ہیں، جس کا آغاز سکھر سے ہوگا اور یہ دو سال میں مکمل ہوگی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی سے حیدرآباد نئی موٹروے بنائی جائے گی، جس کا موجودہ ایم نائن سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ سندھ سمیت پاکستان بھر کے عوام کو اس موٹروے کا تحفہ اسی سال ملے گا۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو ٹرک اسٹینڈ کے لیے جگہ دلوائیں گے، ٹرانسپورٹرز کے آرام کرنے کے لیے جگہیں بنائیں گے جہاں تمام سہولیات ہوں گی، ٹرانسپورٹرز سے وعدہ کرتا ہوں ایک بھی ناجائز چالان نہیں ہونے دوں گا۔

وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ہر ٹرانسپورٹر وعدہ کرے کہ مقررہ لوڈ سے زیادہ نہیں اٹھائیں گے، جب آپ کا لائسنس موجود ہے، مقررہ لوڈ لے کر جارہے ہیں تو کوئی چالان کیوں کرے گا؟ ایکسل لوڈ پر آپ سامان زیادہ ڈالتے ہیں تو آپ اپنے ساتھ زیادتی کرتے ہیں۔ طے کرلیں جو مقررہ لوڈ ہے اس سے زیادہ نہیں لے کر جائیں گے۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے تمام جائز مطالبات ضرور پورے ہوں گے، صرف وہ وعدہ کروں گا جس پر عملدرآمد کروا سکوں۔