یوٹیوب میں مسلسل تبدیلیاں کیوں؟ کمپنی نے وجہ بتا دی

یوٹیوب میں یوزر انٹرفیس کو موبائل اور ویب ورژن میں مسلسل تبدیل کیا جاتا ہے، جو بیشتر افراد کو پسند نہیں آتا۔

اب یوزر انٹرفیس میں ان مسلسل تجربات کا مقصد کیا ہوتا ہے، کیونکہ کئی بار یہ تبدیلیاں مستقل ہوتی ہیں اور کئی بار انہیں ریورس کر دیا جاتا ہے۔

گزشتہ سال کے دوران ہی یوٹیوب میں نصف درجن سے زائد تبدیلیاں دیکھی گئیں۔

اب یوٹیوب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایسا کیوں کیا جاتا ہے۔

یوٹیوب کے نائب صدر جوناتھن ٹریلسکی نے ایک بلاگ پوسٹ میں اس بارے میں بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ ان مسلسل تبدیلیوں کے پیچھے چھپی وجہ بہت سادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں کا مقصد ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کا استعمال آسان بنانا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے یوزر انٹرفیس کو ایسا مقام نہیں بنانا چاہتے جو بے ہنگم محسوس ہو، اسی لیے اس میں مسلسل تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔

اسی طرح کمپنی کا کہنا تھا کہ حالیہ چند تبدیلیوں، جیسے بٹنوں کو ری ڈیزائن کرنے، کی وجہ انہیں زیادہ نمایاں بنانا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس طرح کے ڈیزائن کو بڑی اسکرینز جیسے اسمارٹ ٹی وی تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔