جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکے گی، دھرنا ختم نہیں ہوگا، حافظ نعیم

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران ٹولے نے ہمیں ایک مصیبت سے دوچار کردیا ہے، یہ صرف پٹرول کی قیمت ہی نہیں بڑھاتے بلکہ ٹیکسوں میں بھی اضافہ کردیتے ہیں۔

پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف لاہور میں فیصل چوک مال روڈ پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج ہم نے دھرنا شروع کردیا ہے اور یہ دھرنا جاری رہے گا، گورنر ہاؤس کراچی کے باہر بھی دھرنا جاری ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکے گی، یہ جدوجہد جاری رہے گی، ہم حکومت کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کہا ہے کہ ہم نے کمیٹی بنائی ہے، ہمیں آپ کی بریفنگ نہیں چاہیے، آپ کی کمیٹی آپ کو مبارک، ہم کوئی بریفنگ لینے اسلام آباد نہیں جائیں گے، جس کو آنا ہے یہاں آئے، بات صرف ایک چیز پر ہوگی کہ پٹرولیم لیوی واپس لو۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ نظام جو ہم پر مسلط ہے، اس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، یہ نظام اب نہیں چل سکتا، پٹرولیم لیوی زبردستی کا بھتہ ٹیکس اور جگا ٹیکس ہے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ ن لیگ کے کتنے جاگیرداروں نے اپنی جاگیروں پر ٹیکس دیا ہے؟ یہ جاگیردارانہ نظام نہیں چلے گا، یہ غریب کاشتکار کا خون چوستے ہیں، بڑے بڑے جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے، بڑے بیوروکریٹس ٹیکس کھا جاتے ہیں، حکمران مراعات نہیں چھوڑ سکتے اور غریب کا خون نچوڑتے ہیں۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے جاری ہیں۔